تفسیر سورۃ البقرہ - آیت نمبر 27- فاسقین کی نشانیاں۔۔۔اللہ سے کیا وعدہ پختگی کے بعد توڑنے کا مطلب

0 Comments


 اَلحمدُ للہِ وَحدَہُ ، وَالصَّلاۃُ والسَّلامُ علَی مَن لاَّ نَبِیَّ بَعدَہ ، أمَّا بعدُ : فاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ، بِسمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْ ۙوَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْ ۙوَ احْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِیْ ۙیَفْقَهُوْا قَوْلِیْ۪

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: الَّذِينَ يَنْقُضُونَ عَهْدَ اللَّهِ مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ وَيَقْطَعُونَ مَا أَمَرَ اللَّهُ بِهِ أَنْ يُوصَلَ وَيُفْسِدُونَ فِي الْأَرْضِ أُولَئِكَ هُمُ الْخَاسِرُونَ۔

"جو لوگ اللہ سے پکا وعدہ کرنے کے بعد توڑ دیتے ہیں اور اللہ نے جس کے جوڑنے کاحکم دیا ہے اس کو توڑتے ہیں اور زمین میں خرابی کرتے ہیں یہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں"

سابقہ درس میں فاسقین کے بارے میں گفتگو ہو رہی تھی  یہ آیتِ کریمہ بھی اسی موضوع پہ ہے ۔

قرآنِ مجیداور اس میں بیان کردہ باتیں اور مثالیں لوگوں کی  ہدایت کیلئے ہیں لیکن بہت ساروں کے لئے گمراہی ہے ،اب کون ہیں جن کے لئے اس میں گمراہی ہے تو فرمایا  :وَمَا يُضِلُّ بِهِ إِلَّا الْفَاسِقِينَ کہ اس میں گمراہی نہیں سوائے فاسقین کے۔  یہاں سب سے پہلے تو اس بات کی نفی کی گئی کہ اس میں یعنی قرآنِ کریم میں ہر گز گمراہی نہیں  کوئی یہ تصور بھی نہ کرے  کہ اس میں گمراہی ہے۔ اگر کوئی اس سے گمراہ ہوتا ہے یا اسے پڑھنے کے بعد بھی گمراہی کی راہ پہ چلتا ہے تو اس کی وجہ قرآن ِ کریم نہیں بلکہ اس کا اپنا فسق ہے ۔ فاسقین یعنی  جو حد سے تجاوز کرنے والےہیں، جو اللہ تعالیٰ کے احکامات میں کمی بیشی کرتے ہیں ، جو اپنی پسند و ناپسند کے مطابق دینِ الٰہی کو، احکاماتِ باری تعالیٰ کو، شریعتِ مطہرہ کو ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

احکامات باری تعالی کو ، سنت خیر الانام کو پسِ پشت ڈال کر رواجات اور بدعات وخرافات کی پیروی کرتے ہیں۔ رضائے باری تعالیٰ  کے حصول کے بجائے لوگوں کی پسند وناپسند اور ذاتی شہرت و ناموری کے حصول کے لیے دین کے نام پر طرح طرح کی بدعات و خرافات گھڑتے ہیں۔

فسق کا اعلیٰ درجہ کہ گناہ کو گناہ سمجھنا ہی چھوڑ دیا جائے اور عمل بد کو گناہ کے بجائے صحیح سمجھ کر کرنا  کفر میں  داخل کر دیتا ہے لیکن فسق کا ادنیٰ درجہ کہ گناہ کو یہ جانتے ہوئے کہ یہ گناہ ہے پھر بھی کرنا اتنا ہی خطرناک ہے۔ کیونکہ آہستہ آہستہ پھر وہ گناہ عادت بن جاتا ہے اور پھر جو ہچکچاہٹ یا حیا ہوتی ہے وہ بھی جاتی رہتی ہے اور بالآخر انسان گناہ کو گناہ سمجھنا ہی چھوڑ دیتا ہے جس سے وہ ایمان گنوا بیٹھتا ہے اور کفر میں داخل ہو جاتا ہے۔

اس آیتِ کریمہ میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے فاسقین کی تین نشانیاں بیان فرمائیں پہلی نشانی کہ اللہ سے کیا پختہ عہد توڑتے ہیں۔ دوسری اللہ نے جس کے جوڑنے کا حکم دیا ہے اس کو توڑتے ہیں اور  تیسری فساد فی الارض کا سبب بنتے ہیں۔ اور پھر اس کاانجام اور نتیجہ بیان ہوا کہ یہ لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں،یہ لوگ گھاٹے میں ہیں ،یہ خسارے میں ہیں۔

پہلی نشانی جو بیان ہوئی  فرمایا گیا : الَّذِينَ يَنْقُضُونَ عَهْدَ اللَّهِ مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ

جو لوگ اللہ سے کیا وعدہ توڑتے ہیں اسے پختہ کرنے کے بعد۔

اللہ تبارک و تعالیٰ سے کیا گیا عہد کیا ہے؟ مفسرینِ کرام نے اس عہد کے بارے میں مختلف آراء بیان فرمائی ہیں ۔ جمہور ائمہ تفسیر نے اس عہد کے بارے میں بیان فرمایا ہے کہ اس عہد سے مراد یومِ الست کو جب تمام ارواحِ انسانی کو جمع کر کے فرمایا گیا"  الست بربکم" کیا میں تمہارا پروردگار نہیں ہوں تو سب نے یک زبان ہو کر کہا "قالوا بلیٰ" بے شک تو ہی ہمارا پروردگار ہے۔

اللہ تعالیٰ کمی بیشی معاف فرمائے جہاں تک میں سمجھ سکا ہوں  کہ عالمِ ارواح میں کیے گئے اس عہد ہی کیوجہ سے  توحیدِ باری تعالیٰ کا عقیدہ اور احساس ایک حد تک کسی نہ کسی درجہ میں ہر انسان کے اندر پایا جاتا ہے۔ وہ ظاہری حیات میں قبول کرے  یا نہ کرے،اللہ  تبارک وتعالیٰ کو رب العالمین مانے یا نہ مانے اسکی روھ کو اس عہد کا علم ہے ، اسکی روح جانتی ہے کہ اس نے کہا تھا کہ " قالوا بلیٰ"

اسی وجہ سے چاہے کوئی کفر پہ ڈٹا رہے، اپنے لئے جتنے مرضی بت گھڑ لے اس کے اندر یہ احساس موجود ہے کہ اس کائنات کا مالک ، پروردگار ،خالق ذاتِ واحد ہی ہے۔

پھر اسی عہد کے بارے ارشاد ہوا  " مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ " اسے مضبوط  کرنے کے بعد

یعنی  جب انسان اس ظاہری حیات میں ، دنیا میں آتا ہے اور حق اس تک پہنچتا ہے ۔ چاہے تو ماں کی گود  میں ہی مل جائے یا پھر اگر کسی کفرستان میں کسی کفار گھرانے میں آنکھ کھولے تو بھی ایک نہ ایک دن ضرور بضرور حق اس تک پہنچتا ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کسی کو حق سے ہمیشہ کیلئے محروم رکھے۔

اب جب وہ ہوش سنبھالتا ہے، عقل و شعور اور سوجھ بوجھ کی عمر میں داخل ہوتا ہے  اور اپنی مرضی اور پسند سے حق کو قبول کرتا ہے ، اللہ تبارک وتعالیٰ کی وحدانیت کا اقرار کرتا ہے ، یہ گواہی دیتا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے علاوہ کوئی معبود نہیں اور محمدﷺ اللہ کے بندے اور آخری رسول ہیں تو اس نے اس عہد کو جو یومِ الست کو اس سے لیا گیا تھا اس کو مضبوط اور پختہ کر دیا ۔ اب وہ ظاہراً مسلمان کہلانے لگ گیا۔ اب جب اس عہد کع اس نے پختہ کر دیا ، اللہ کی وحدانیت کا اقرار صدقِ دل سے کر لیا اور حضرت محمد ﷺ کو آخری نبی اور رسول مان لیا۔ اس کے بعد بھی اگر تو وہ احکاماتِ شریعت سے روگردانی کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اور اللہ کے رسول ﷺ کی نافرمانی اور گناہ کا مرتکب ہوتا ہے تو اس کے بارے میں یہاں فرمایا گیا کہ   الَّذِينَ يَنْقُضُونَ عَهْدَ اللَّهِ مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ یعنی جو اللہ سے کیے گئے وعدے کو پختہ کرنے کے بعد توڑتے ہیں۔ یہ فاسقین کی پہلی علامت و نشانی بتائی گئی۔

پھر دوسری نشانی کا تذکرہ ہوا ۔ارشاد ہوتا ہے کہ   وَيَقْطَعُونَ مَا أَمَرَ اللَّهُ بِهِ أَنْ يُوصَلَ

اور اللہ تعالیٰ نے جس کے جوڑنے کا حکم دیا ہے اس کو توڑتے ہیں۔

صاحبِ تفسیر ِ قرطبی اس آیت ِ کریمہ کی تفسیر میں لکھتے ہیں:

اس میں علماء کا اختلاف ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کس چیز کو ملانے کا حکم دیا ہے ؟ بعض نے کہا :صلہ رحمی، بعض نے فرمایاکہ : قول کو عمل کے ساتھ ملانے کا حکم ہے یعنی انہوں نے قول و عمل کو جدا جدا کر دیا اس طرح کہ جو انہوں نے کہا اس پہ عمل نہیں کیا، بعض نے کہا کہ : تمام انبیاء کی تصدیق کو ملانے کا حکم دیا یعنی انہوں نے بعض کی تصدیق اور بعض کی تکذیب کر کے اس کو توڑا، بعض نے  فرمایا کہ: یہ اللہ کے دین اور زمین میں اس کی عبادت،شریعت کا قائم کرنا اور شرعی حدود کی حفاظت کرنے کی طرف اشارہ ہے۔

جمہور علماء کا قول یہ ہے کہ یہ ہر اس صورت کو شامل ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے ملانے کا حکم دیا ہے صلہ رحمی اس کا ایک جزو ہے۔

پھر تیسری نشانی بیان ہوئی فرمایا: وَيُفْسِدُونَ فِي الْأَرْضِ۔ اور زمین میں خرابی کرتے ہیں۔

فساد کے بارے میں تفصیلی گفتگو سورۃ البقرہ آیت نمبر 11 اور 12 کی تفسیر میں گزری ہے۔

جب کوئی انسان اللہ تعالیٰ کے احکامات اور محمد رسول اللہﷺ کی تعلیمات کو چھوڑ کر، اپنی مرضی اور اپنی پسند پر چلتا ہے جو شریعت ِ مطہرہ کے خلاف ہوتی ہے تو وہ فساد کا سبب بنتا ہے۔ اور یہ فساد نہ صرف اس کی اپنی ذات کو بلکہ پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہوتا ہے۔ اسی لئے فرمایا کہ وہ زمین میں فسادو خرابی پید اکرتے ہیں۔ یعنی نہ صرف اپنی ذات کو نقصان پہنچایا  بلکہ پوری دنیا کےلئے، کرہ ارض کیلئے خرابی کا سبب بنے۔ گناہ صرف ذات کو نقصان نہیں دیتا بلکہ پورے ماحول اور معاشرے پہ اپنا اثر چھوڑتا ہے۔

 اور ان کے ان طور طریقوں ، خلافِ شریعت زندگی ، احکاماتِ باری تعالیٰ سے روگردانی کا نتیجہ یہ ہوا کہ  "أُولَئِكَ هُمُ الْخَاسِرُونَ " یہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں انہوں نے نہ صرف اپنی دنیاوی زندگی کو تباہ کیا بلکہ آخرت میں بھی عذاب کے حق دار ہوں گے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم سمجھنے اس پہ عمل کرنے اور تا دم آخر اس پہ قائم رہنے کی توفیق و ہمت عطا  فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

دعاؤں کا طالب

ابو محمد زبیر اویسی

تفسیر سورۃ البقرہ - آیت نمبر 16- ہدایت کے بدلے گمراہی خریدنا۔۔۔ بدعات و خرافات اور ہمارا کردار؟

0 Comments


 اَلحمدُ للہِ وَحدَہُ ، وَالصَّلاۃُ والسَّلامُ علَی مَن لاَّ نَبِیَّ بَعدَہُ ، أمَّا بعدُ : فاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ، بِسمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْٗ وَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْٗ وَ احْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِیْٗیَفْقَهُوْا قَوْلِیْ۪

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: أُولَئِكَ الَّذِينَ اشْتَرَوُا الضَّلَالَةَ بِالْهُدَى فَمَا رَبِحَتْ تِجَارَتُهُمْ وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ)16(

انہوں نے ہدایت کے بدلے گمراہی خریدی  تو نہ تو انکی تجارت نے انہیں نفع دیا اور نہ ہی وہ ہدایت پا سکے۔

اس آیتِ کریمہ میں جو سب سے پہلی غور طلب بات ہے وہ یہ  ہے کہ یہاں پہ منافقین کے اس عمل کو ان کے نفاق کو تجارت و خرید و فروخت  سے تشبیہ دیا گیا ہے۔ یہ نہیں کہا گیا کہ انہوں نے ہدایت کے بدلے گمراہی اختیار کی بلکہ فرمایا گیا أُولَئِكَ الَّذِينَ اشْتَرَوُا الضَّلَالَةَ بِالْهُدَى کہ انہوں نے ہدایت کے بدلے گمراہی خریدی ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تجارت  یا خریدو فروخت کا معاملہ جب آپ  کر رہے ہوتے ہیں تو ایک چیز دے رہے ہوتے ہیں اور ایک لے رہے ہوتے ہیں یعنی مال کے بدلے مال یا مال کے بدلے نقد رقم، تو جب آپ خرید و فروخت کرتے ہیں ، تجارت کرتے ہیں تو دونوں چیزیں آپ کے پاس نہیں رہتیں  ، یہ نہیں ہوتا کہ آپ مال بھی لے لیں اور اس کے بدلے کچھ دینا بھی نہ پڑا۔

منافقین جنہیں آپ ﷺ کی صحبت بھی نصیب ہوئی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا ساتھ بھی نصیب ہوا لیکن اس کے با وجود انہوں نے ہدایت کو چھوڑ کے ، دین حق کو چھوڑ کر، اطاعت ِ محمد الرسول اللہ ﷺ کو پسِ پشت ڈال کر نفاق کا رستہ اختیار کیا  تو ان کے پاس اب دونوں چیزیں تو نہیں رہ سکتیں ہدایت کو جب چھوڑ کر، ظاہراً خود کو مسلمان کہلوا کر  عملاً  اسلام دشمنی کرتے رہےتو ان کے اس عمل نے ان کے نفاق نے ، انکی اس تجارت نے انہیں کچھ فائدہ نہیں دیا  بلکہ وہ دگنے نقصان کا شکار ہوئے کہ ایک تو اس گمراہی کیوجہ سے ، اس کھاٹے کی تجارت کی وجہ سے دنیاوی ذلت و رسوائی  ان کا مقدر ہوئی اور دوسرا نقصان اخروی ہوا کہ ہدایت یافتہ نہ ہونے کیوجہ  سے وہ نارِ جہنم کے مستحق ہوں گے۔

منافقین کیسے لوگ ہیں ؟ اور نفاق کیا ہے؟

قاسمِ فیوضات حضرت مولانا محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ اکرم التفاسیر میں فرماتے ہیں : اللہ پناہ دے کہتے رہنا کہ میں مسلمان ہوں ، کلمہ پڑھتے رہنا ، نمازیں پڑھتے رہنا ، روزے رکھتے رہنا ،حج کرتے رہنا ،زکوٰۃ دیتے رہنا  لیکن کردار کی اصلاح نہ کرنا  اور دنیوی لالچ میں آکر کردار میں  برائیاں پیدا کر لینا ، چند ٹکوں کے عوض جھوت بول لینا ، چند سکے کمانے کے لئے دھوکہ دینا ۔ نتائج تو عملی زندگی پہ مرتب ہوں گے، زبانی قول پہ نہیں، کوئی کہتا ہے کہ میں نے زہر کھا لیا  تو صرف کہنے سے نہیں مرتا  لیکن اگر کوئی یہ اعلان نہ بھی کرے اور عملاً زہر کھا لے  تو مر جائے گا ۔ نتائج عمل پہ مرتب ہوتے ہیں ۔ ،منافقین ایسے بدبخت ہیں کہ انہوں  نے ہدایت کو چھوڑ کر گمراہی کو اپنایا۔

اللہ معاف فرمائے ہمارا معاملہ  بھی کچھ اس طرح کا ہے کہ ہمیں دین ِ اسلام کیلئے، نورِ ہدایت کیلئے کچھ بھی محنت و مشقت نہیں اٹھانا پڑی بلکہ الحمد اللہ ہم پیدا ہی مسلمان گھرانوں میں ہوئے، ابتدائی دینی تربیت ماں کی گود سے ہی شروع ہو گئی، پیدا ہوتے ہی ہمارے کانوں میں اذان دے دی گئی، تھوڑے سے بڑے ہوئے تو والدین اور اساتذہ نے بنیادی ارکانِ دین سکھا دیئے، اسلامی معاشرے میں پروان چڑھے، گھر کا ماحول ہو ، سکول کے استاتذہ ہوں یا علماء و مبلغین کے خطبات ہر جگہ دین پڑھایا اور سکھایا جاتا رہا ۔ اب اس سب کے باوجود اگر ہم صراطِ مستقیم کو چھوڑ کر ، راہِ ہدایت کو چھوڑ کر اسلامی تشخص و کردار اپنانے کے بجائے گمراہی کی طرف جاتے ہیں، کافرانہ طرزِ عمل اپناتے ہیں ، ایسی جدت پسندی جو اسلام سے متصادم ہے اسے روشن خیالی کا نام دے کر اسلامی تعلیمات سے روگردانی کرتے ہیں ۔ بے حیائی کو روشن خیالی، سود کو کاروبار، یہود و نصاریٰ جیسی شکل و صورت کو فیشن ، حلال و حرام کی تمیز چھوڑنا وقت کی ضرورت اور جہاد فی سبیل اللہ اور اسلام کے دشمنوں کے خلاف قتال کو دہشتگردی سمجھتے ہیں ، دین میں اپنی پسند و ناپسند سے  طرح طرح کی بدعات و خرافات شامل کرکے انہیں عبادات سمجھتے ہیں، زکوٰۃ و صدقات کے اسلامی طریقے کو چھوڑ کر ذاتی نمائش کیلئے دین کے کاموں میں خرچ کرکے اسے عبادت کا درجہ دیتے ہیں تو ہمارا معاملہ بھی کچھ زیادہ مختلف نہیں ان لوگوں سے۔

مولانا اشرف علی تھانوی رحمتہ اللہ علیہ اپنے ارشادات میں فرماتے ہیں  کہ دین میں جو نئی نئی رسومات ایجاد کی جاتی ہیں، یہ ایسی بدبختی ہیں جنہیں شریعت میں بدعت کہا گیا ہے۔ بدعت کیا ہے؟ دین  کے نام پہ کوئی نئی رسم ایجاد کریں اور اسے شریعت قرار دیں جسے اللہ نے عبادت قرار نہیں دیا ، جسے نبی کریمﷺ نے عبادت قرار نہیں دیا، جو کام خلفائے راشدیں کے دور سے ثابت نہیں ہوتا۔

مولانا تھانوی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ بدعت کی مصیبت یہ ہے کہ بندے کو توبہ نصیب نہیں ہوتی۔ وجہ کیا ہے؟کیوں کہ جو گناہ کو گناہ سمجھ  کر کرے اسے پتہ ہے کہ یہ کام غلط ہے ،شریعت ِ اسلامیہ کے مطابق گناہ کا کام ہے  تو ممکن ہے اسے کسی وقت احساسِ ندامت ہو جائے اور وہ توبہ کرلے۔ لیکن جو گناہ کو گناہ سمجھ ہی نہیں رہا بلکہ اس کے نزدیک وہ نیکی کا کام کر رہا ہوتا ہے  اب جسے وہ نیکی سمجھ رہا ہوتا ہے  تو نیکی سے توبہ کب کرے گا؟ جبکہ یہ اس کا ذاتی خیال ہوتا ہے اگر وہ اسے شریعتِ اسلامیہ پہ  پرکھے تو وہ نیکی کا کام ہے ہی نہیں۔

یہی بات اس آیتِ کریمہ  میں بیان فرمائی کہ ہدایت کے بدلے ، ہدایت کے میسر ہونے کے باوجود  انہوں نے گمراہی  اختیار کی  تو ان کا معاملہ یہ ہوا ، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ فَمَا رَبِحَتْ تِجَارَتُهُمْ وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ یعنی انکی یہ تجارت ، انکے اس معاملے نے ان کو کوئی فائدہ نہ دیا اور دوسرا  نقصان کہ یہ کبھی ہدایت نہیں پائیں گے چونکہ یہ جو کچھ کر رہے ہیں  اسے یہ اچھا سمجھتے ہیں ، اسی یہ اپنی قابل و لیاقت اور اپنے فہم کے مطابق صحیح تصور کرتے ہیں  تو اب اچھے سے ، صحیح سے توبہ کون کرے گا ، مفروضہ نیکی سے توبہ کون کرے گا۔ یعنی یہ نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی نقصان اٹھائیں گے۔

 اللہ تعالیٰ ہمیں بدعات و خرافات میں پڑنے سے بچائے اور خود ساختہ نمائشی کاموں سے بچائے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم سمجھنے اس پہ عمل کرنے اور تا دم آخر اس پہ قائم رہنے کی توفیق و ہمت عطا  فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

دعاؤں کا طالب

ابو محمد زبیر اویسی

تفسیر سورۃ البقرہ - آیت نمبر 14,15 - ہمارا حال مومنین جیسا یا منافقین جیسا - اللہ کے مذاق کرنے سے کیا مراد ہے؟

0 Comments

 


اَلحمدُ للہِ وَحدَہُ ، وَالصَّلاۃُ والسَّلامُ علَی مَن لاَّ نَبِیَّ بَعدَہُ ، أمَّا بعدُ : فاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ، بِسمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْٗ وَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْٗ وَ احْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِیْٗیَفْقَهُوْا قَوْلِیْ۪

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: وَإِذَا لَقُوا الَّذِينَ اٰمَنُوْا قَالُوْۤا اٰمَنَّا  وَإِذَا خَلَوْا إِلٰى شَيٰطِيْنِهِمْ  قَالُوْۤا إِنَّا مَعَكُمْ  إِنَّمَا نَحْنُ مُسْتَهْزِئُونَ

اور جب ایمان والوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے اور جب اپنے شریر سرداروں سے علیحدگی میں ملتے ہیں تو کہتے ہیں ہم تمھارے ساتھ ہیں۔ہم تو مذاق کیا کرتے تھے۔

اس آیتِ کریمہ میں منافقین کی ایک اور علامت بیان کی گئی کہ جب مومنین سے ملتے تھے تو کہتے تھے کہ ہم دینِ حق کو قبول کرتے ہیں ، شریعتِ مطہرہ کی حقانیت کو تسلیم کرتے ہیں، اسلام کی صداقت کو مانتے ہیں اور پھر جب اپنے ہم خیال، شریر اور گمراہ سرداروں کے پاس جاتے تھے تو کہتے تھے کہ ہم تو تمہارے ساتھ ہیں ہم تو جھوٹا دعویٰ ایمانی کرکے ان سے مذاق کرتے ہیں حقیقت میں تو ہم ایمان نہیں لائے۔

اس آیتِ کریمہ میں جو قابل غور پہلو بیان ہوا کہ ایمان والوں ، نیک لوگوں کے ساتھ  خود کو نیک اور پکا و سچا مومن  ظاہر کرنا جبکہ کافروں ، گنہگاروں ،فاسقوں کے ساتھ ویسا ہو جانا جیسا وہ لوگ ہیں تو یہ منافقین کی صفت ہے۔

دورِ حاضر پہ غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ علامت ہمارے ہاں کثرت سے پائی جاتی ہے ۔ہم جب علماءِ کرام کا وعظ و بیان سن رہے ہوتے ہیں،مبلغینِ اسلام کی صحبت میں بیٹھے ہوتے ہیں ، اولیاءِ کرام  و اہل اللہ  کے پاس ہوتے ہیں  تو ان کا وعظ و بیان ، انکی نصیحتیں ، انکی تبلیغ کو نہ  صرف بڑے غور سے سن رہے ہوتے ہیں بلکہ یہ ظاہر کر رہے ہوتے ہیں کہ ہم آپ کی باتوں کو دل و جان سے قبول کرتے ہیں۔ دینِ اسلام کی حقانیت اور شریعتِ مطہرہ کی تعلیمات پہ ہمیں ذرا برابر بھی کوئی شک وشبہ نہیں ۔ لیکن  پھر جب عام معاشرے میں بے عمل اور بد کردار لوگوں کی صحبت میں آتے ہیں تو ویسے کے ویسے ہو جاتے ہیں جیسے وہ لوگ ہیں ، ہمارا عمل تعلیماتِ اسلامیہ کے بر عکس ہوتا ہے ۔ زبان سے تو اقرار کرتے ہیں لیکن عمل اس کے خلاف کرتے ہیں۔بلکہ یہاں تک میں نے خود لوگوں سے سنا ہے کہ جب دوست احباب نے کسی اچھی اور نیک محفل کے بارے میں دریافت کیا تو کہتے ہیں کہ بس اتفاق سے پھنس گیا تھا ، ان لوگوں کا دل رکھنے کیلئے تھوڑی دیر ان کی باتیں سننی پڑیں۔ ورنہ آپ کو تو پتہ ہی ہے میرا کہ جتنا میں مومن ہوں یا نیک ہوں۔ اللہ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے یہی بات منافقین کیا کرتے تھے کہ ہم تو مذاق کرتے ہیں  حقیقت میں تو ہم  تمہارے ساتھ ہیں ،ہم تم جیسے ہی ہیں ،ہم تو بس دل بہلانے کیلئے، دل رکھنے کیلئے  مومنین کی باتیں سن لیتے ہیں۔

اگلی آیتِ کریمہ میں ارشاد ہوتا ہے:

 اَللّٰهُ يَسْتَهْزِئُ بِهِمْ وَيَمُدُّهُمْ فِيْ طُغْيَانِهِمْ يَعْمَهُونَ

اللہ ان سے مذاق کرتے ہیں اور انہیں مہلت دیئے جاتے ہیں کہ وہ اپنی سرکشی میں سرگرداں ہو رہے ہیں۔

قاسمِ فیوضات حضرت مولانا محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ اکرم التفاسیر میں فرماتے ہیں کہ مذاق کرنا شانِ باری تعالیٰ سے بعید ہے۔ جب اس طرح کا کوئی لفظ اللہ تعالیٰ کی ذات کی طرف منسوب کیا جاتا ہے  یا اس طرح کی کوئی صفت اللہ کریم کی طرف منسوب  کی جاتی ہے  تو اس سے معنیٰ بعید مراد ہوتا ہے۔

معنیٰ بعید وہ ہوتا ہے جو نتیجہ  ہوتا ہے مثلاً آپ کسی سے مذاق کرتے ہیں کہ میں  آپ کو دس ہزار انعام دوں گا  اور آپ دیتے نہیں تو اس میں اس کی سبکی بھی ہے کہ وقتی طور پہ وہ خوش ہوا ، پچاس بندوں کو بتا دیا پھر اسے ملا کچھ بھی نہیں  نتیجہ میں محرومی حصے میں آئی تو  یہاں فرمای گیا  اَللّٰهُ يَسْتَهْزِئُ بِهِمْ اللہ ان سے مذاق کرتے ہیں  یعنی اللہ کریم ان سے ایسا سلوک کرتےہیں  کہ وہ محروم ہو جاتے ہیں ۔

وہ سمجھتے ہیں کہ ہم مذاق کر رہے ہیں  لیکن اصل میں مذاق ان کے ساتھ ہو رہا ہوتا ہے کہ وقتی طور پہ تو وہ اپنے اس اداکارانہ رویے سے خوش ہو رہے ہوتے  ہیں لیکن اس کا نتیجہ انہیں عذاب کی صورت میں ملے گا اور پھر صرف یہی نہیں بلکہ سزا کے طور پہ  فرمایا گیا کہ  وَيَمُدُّهُمْ فِيْ طُغْيَانِهِمْ يَعْمَهُونَ انہیں مہلت دیئے جاتے ہیں کہ وہ اپنی سرکشی میں سرگرداں ہو رہے ہیں۔   اللہ تبارک وتعالیٰ انہیں ڈھیل دیے جا رہا ہے انہیں موقع میسر کئے ہوئے ہے تاکہ وہ اپنے اس رویے میں ،اپنی اس سرکشی میں ہی ہمیشہ  پھنسے رہیں ، اس کو اپنا کمال سمجھتے رہیں  اور مزید بھٹکتے رہیں اور آگے سے آگے جاتے جائیں اور پھر آخرت میں اس عذاب کا سامنا کریں جو اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے تیار کر رکھا ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ایسی سرکشی سے محفوظ فرمائے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم سمجھنے اس پہ عمل کرنے اور تا دم آخر اس پہ قائم رہنے کی توفیق و ہمت عطا  فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

دعاؤں کا طالب

ابو محمد زبیر اویسی

تفسیر سورۃ البقرہ - آیت نمبر 13 - صحابہ کرام کو معیارِایمان قرار دیا گیا اور ان سے بغض و عناد کا نتیجہ بھی بتا دیا

0 Comments


 

اَلحمدُ للہِ وَحدَہُ ، وَالصَّلاۃُ والسَّلامُ علَی مَن لاَّ نَبِیَّ بَعدَہُ ، أمَّا بعدُ : فاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ، بِسمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْٗ وَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْٗ وَ احْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِیْٗیَفْقَهُوْا قَوْلِیْ۪

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: وَإِذَا قِيْلَ لَهُمْ اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوْٓا أَنُؤْمِنُ كَمَاۤ اٰمَنَ السُّفَهَآءُ ۔ أَلاۤ إِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَآءُ وَلَٰكِنْ لَّا يَعْلَمُوْنَ

اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ تم بھی ایسا ہی ایمان لاؤ جس طرح  اور لوگ ایمان لائے ہیں۔ تو کہتے ہیں کیا ہم ویسا ایمان لائیں  جیسا بے وقوف لوگ ایمان لائے ہیں؟ یاد رکھو ! یقیناً وہی بے وقوف ہیں مگر جانتے  نہیں۔

 اس آیتِ کریمہ  میں منافقین  کی ایک اور خصلت و عادت بیان فرمائی گئی کہ جب ان پہ دینِ اسلام پیش کیا جاتا ہے ،جب انہیں ایمان کی دعوت دی جاتی ہے کہ مومنین کی طرح تم بھی ایمان لے لاؤ تو کہتے ہیں ہم ویسا ایمان نہیں لائیں گے  جیسا یہ بے وقوف لوگ لائے ہیں۔ یہ منافقین  کا طرزِ عمل تھا۔

یہاں پہ جو اہم بات ارشاد  فرمائی جا رہی ہے وہ ہے   اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ ایمان لاؤ جیسا اور لوگ ایمان لائے۔

یہ اور لوگ کون ہیں ؟ کون ہیں جن کے ایمان کو مثال کے طور پہ ،نمونے کے طور پہ پیش فرمایا جا رہا ہے ، جو معیارِ ایمان ہیں دوسروں کے لئے۔ یہ ہستیاں تھیں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ۔

قاسمِ فیوضات حضرت مولانا محمد اکرم اعوان ؒ اکرم التفاسیر میں فرماتے ہیں کہ یہ آیت بتا رہی ہے کہ قرآن کے معیاری مسلمان  صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہیں ۔ قرآن کی تفسیر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین  کا کردار ہے ، نبی کریم کے ارشادات  کا مفہوم  صحابہ کرام  رضوان اللہ علیہم اجمعین  کا کردار ہے ۔ اب اگر کوئی گرائمر کی رو سے ، منطق کا زور لگا کر  اور صرف و نحو  کا زور لگا کر  مختلف  معنی گھڑنا چاہے تو وہ نا قابلِ قبول  ہونگے۔ پوچھا یہ جائے گا  کہ جو مفہوم اس آیت کریمہ کا آپ بتا رہے ہیں  یا اس حدیث مبارکہ سے جو نتیجہ آپ اخذ کر رہے ہیں  کیا صحابہ کرام  رضوان اللہ علیہم اجمعین   نے بھی یہی سمجھا تھا ۔صرف اس ایک سوال  پہ سارے اختلافات ختم ہو جاتے ہیں ۔ صرف یہ ایک سند ہے  کہ اگر اس پہ سارے متفق ہو جائیں تو سارے اختلافات ختم ہو جاتے ہیں اور اگر کوئی اختلاف رہتا ہے تو وہ جو باعثِ برکت ہے یعنی اس بات کے دو ، چار، پانچ مثبت پہلو ہوتے ہیں ۔

پھر ارشاد ہوتا ہے : قَالُوْٓا أَنُؤْمِنُ كَمَاۤ اٰمَنَ السُّفَهَآءُ  کہتے ہیں ہم ویسا ایمان لائیں جیسا بے وقوف لوگ ایمان لائے ہیں

  انکی  جاہلیت اور کم عقلی کی انتہا دیکھیں کہ ایک طرف تو ایمان نہیں لاتے جیسا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین   لائے اور اس پہ انتہا یہ کہ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین   کو ،اوّلین مومنین، جن کو قرآن سبقت لے جانے والے فرما رہا ہے ، ان  کو بے وقوف کہ رہے ہیں۔

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین    کا یمان کیا تھا فرمایا: وَقَالُوْاسَمِعْنَا وَأَطَعْنَا سنا اور مانا  کوئی حیل و حجت نہیں کی ۔ کوئی عذر، کوئی رشتہ، کوئی تکلیف، کوئی امتحان ان کے رستے کی رکاوٹ نہ بن سکا۔

کوئلوں پہ لٹایا جانا ہو یا  کوڑوں سے مارا جانا، شعبِ ابی طالب کی صعوبتیں ہوں یا اللہ کے دین کیلئے گھر بار چھوڑنا، یہاں تک کہ اللہ کے دین کی سر بلندی کیلئے اپنے سگوں کے مدِ مقابل آگئے، بدر و احد کا میدان سجا تو ایک طرف باپ دوسری طرف بیٹا، ایک طرف چچا تو دوسری طرف بھتیجا، اسلام کی خاطر، اللہ کے دین کی سربلندی کیلئے ، اطاعتِ محمد الرسول اللہ ﷺ میں کسی رشتے کی پرواہ نہیں کی۔ ایک صحابی کو ان کے باپ نے کہا کہ تم میری تلوار کی زد میں آئے  لیکن میں نے وار نہیں کیا  تو انہوں نے فرمایا کہ آپ اگر میری تلوار کی زد میں آتے تو میں نہیں چھوڑتا ۔

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین   کا  ایمان ، انکا عشقِ رسولﷺ، انکی اطاعت ناقابلِ بیان ہے ۔

فرمایا جا رہا ہے کہ ان جیسا ایمان لاؤ، ان کے نقشِ قدم پہ چلو، ان کی پیروی اختیار کرو، قرآن و حدیث کا وہ مطلب جو انہیں سمجھایا گیا ہے ، جو انہوں نے اختیار کیا ، جس پہ انہوں نے عمل کر کے دکھایا تم بھی ویسے اختیار کرو۔

آج کل کہا جاتا ہے کہ وہ تو صحابہ تھے ہم ایسا کرنے سے قاصر ہیں ، ہم میں اتنی صلاحیت نہیں۔شیخ المکرم حضرت  امیر عبد القدیر اعوان مد ظلہ العالی فرماتے ہیں کہ اس سے بڑا کفر کیا ہو گا ۔ اس سوچ کا اس جملے کا مطلب یہ ہوا کہ شریعتِ  مطہرہ جو قرآن و حدیث کی صورت میں عطا کی گئی ، جس کے مطابق نبی رحمت ﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین    کی جماعت تیار کی اور انہوں نے عملاً اسے اختیار کیا  اور تین چوتھائی روئے زمین کے حصے پہ اسے نافذ کر کے دکھایا۔ وہ نعوذباللہ ناقابل عمل ہے  دورِ حاضر میں عملی طور پہ اسے اختیار نہیں کیا جا سکتا۔

مقامِ صحابہ اتنا بلند ہے  کہ اگر روئے زمین کی تمام عبادتیں ، تمام ریاضتیں  اکٹھی بھی کر لی جائیں  تو ادنیٰ ترین صحابی کی شان کا بھی مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ لیکن عملاً اختیار کرنا ویسے ہی  کرنا  ہو گا جیسے صحابہ نے کیا، معیارِ ایمان صحابہ ہی ہوں گے کیونکہ قرآن نے  ایمان کا معیار، اللہ تعالیٰ نے ایمان کا معیار صحابہ کو بنایا۔ کوئی کہاں تک پہنچتا ہے   یہ اس کا نصیب ۔ کوئی صحابہ جیسا ایمان تو نہیں پا سکتا لیکن معیار ایمان وہی رہیں گے۔

منافقین جب ان کے بارے کہ رہے ہیں  کہ یہ تو بے وقوف ہیں (نعوذ باللہ ) تو ارشاد فرمایا گیا:

أَلاۤ إِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَآءُ وَلَٰكِنْ لَّا يَعْلَمُوْنَ خوب غور سے سن لو یقیناً یہی بے وقوف ہیں لیکن  یہ علم نہیں رکھتے

خود اللہ نے ان  منافقین کا فیصلہ بھی فرما دیا اور کیا ہی خوبصورت فیصلہ فرمایا کہ جو ان کے ساتھ جو معاملہ رکھے گا میں اللہ تعالیٰ بھی اس کے ساتھ ویسا ہی معاملہ رکھوں گا  جو بھی ان پہ زبان درازی کرے گا ، جو بھی انکو  تنقید کا نشانہ بنائے گا یا ان کی شان میں گستاخیاں کرے گا تو اللہ تعالیٰ بھی اس کے ساتھ ویسا معاملہ فرمائیں گے جیسے اس آیتِ کریمہ میں بیان ہوا کہ انہوں نے کہا کہ یہ بے وقوف ہیں تو اللہ فرما رہا ہے یقیناً یہی بے وقوف ہیں  اور پھر صرف بے وقوف نہیں جاہل بھی ہیں  ولکن الا یعلمون وہ اس کا علم بھی نہیں رکھتے کیونکہ اگر کسی کو اپنی بے وقوفی کی سمجھ آجائے، کسی کو یہ پتہ چل جائے کہ میں غلط ہوں تو وہ درستگی کی کوشش کرے گا، درست راستہ تلاش کرے گا  لیکن اگر کسی کو علم ہی نہیں کہ وہ غلط سمت پہ جا رہا ہے تو  ممکن ہی نہیں کہ وہ درست راہ پہ آئے۔ تو فرمایا کہ یہ علم نہیں رکھتے۔

پھر ایک اور اہم نکتہ یہ سمجھ آتا ہت اس آیتِ کریمہ سے کہ سابقہ آیت میں فرمایا الکن لا تشعرون کہ وہ شعور نہیں رکھتے جبکہ یہاں فرمایا جا رہا ہے ولکن لا یعلمون وہ علم نہیں رکھتے ۔ شعور علم کے بعد کا درجہ ہے فہم و ادراک علم ہونے کے بعد آتا ہے  جبکہ علم ادنیٰ درجہ ہے اور جس کو علم ہی نہیں وہ سمجھ و عقل اور فہم و ادراک تک تو جا ہی نہیں سکتا تو جب معاملہ اصحابِ محمد الرسول اللہ ﷺ کا آیا، جب  بات اللہ کے پیاروں اور نبی ﷺ کے وفاداروں  پہ آئی، جب انگلی  دین میں اسلام میں سبقت لے جانے والوں پہ اٹھی  تو  جاہلیت کا  شعور سے بھی ادنیٰ درجہ  یعنی لا علمی ارشاد فرمایا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں دین اسلام کی حقیقی سمجھ عطا فرمائے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم سمجھنے اس پہ عمل کرنے اور تا دم آخر اس پہ قائم رہنے کی توفیق و ہمت عطا  فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

دعاؤں کا طالب

ابو محمد زبیر اویسی

منافق کا مطلب اور منافقین کی اقسام۔کیا منافقین دورِ حاضر میں بھی موجود ہیں؟

0 Comments


 اَلحمدُ للہِ وَحدَہُ ، وَالصَّلاۃُ والسَّلامُ علَی مَن لاَّ نَبِیَّ بَعدَہُ ، أمَّا بعدُ : فاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ، بِسمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْٗ وَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْٗ وَ احْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِیْٗیَفْقَهُوْا قَوْلِیْ۪

سورۃ  البقرہ کی آیت نمبر 8 سے 20 تک چونکہ منافقین کے بارے میں ہیں تو ان آیات کی تفسیر و تشریح سے پہلے ہم نفاق اور منافقین کے بارے میں گفتگو کریں گے۔

منافق کون ہوتا ہے؟

                   جو  شخص ظاہراً تو خود کو مسلمان ظاہر کرے لیکن وہ دل سے کفریہ عقائد پہ قائم ہو  یا اسلامی عقائد کے بارے میں شک و شبہ میں مبتلا ہو، یعنی دل سے یقین نہ رکھتا ہو ایسے شخص  کو شریعتِ اسلامی میں منافق کہا جاتا ہے۔

نفاق دو طرح کا ہوتا ہے:

1۔ اعتقادی نفاق :

                        اعتقادی نفاق یہ ہے کہ ظاہراً تو خود کو مسلمان ظاہر کرے لیکن درپردہ کفر پہ  قائم ہو ۔ منافق اعتقادی کے کفر میں کوئی شبہ نہیں ہوتا۔

 اس قسم کے منافقین کا پہلا اور بڑا گروہ مدینہ میں ظاہر ہوا جن کی اکثریت یہود تھی لیکن وہ خود کو مسلمان ظاہر کرتے تھے اور نہ صرف اسلام کے خلاف کفر کی مختلف سازشوں کا حصہ ہوتے تھے  بلکہ کئی موقعوں پر انہوں نے مسلمانوں کو نقصان بھی پہنچایا۔

 نفاق چونکہ دل کا معاملہ ہے یہ سب پہ ظاہر تو نہیں ہوتا  لیکن اللہ تعالیٰ دل کے حال جانتا ہے  اور منافقین ِ مدینہ کے معاملے میں بھی  اللہ نے حضورعلیہ الصلوۃ و السلام کو آگاہ فرمایا۔ سورۃ البقرہ کی یہ تیرہ آیات  براہِ راست ان لوگوں کے بارے میں ہی ہیں جن میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے ان کا معاملہ واضح اور کھول کر بیان فرما دیا۔

دورِ حاضر میں بھی ایسے لوگوں کا انکشاف ہوتا رہتا ہے جو حقیقت میں تو کافر ہوتے ہیں  لیکن کئی کئی سال تک مسلمانوں کی صفوں میں گھسے رہتے ہیں  اور مسلمانوں کے لئے بہت بڑے بڑے نقصانات کا باعث بنتے ہیں البتہ کوئی دوسرا ان کا معاملہ تب تک نہیں جان سکتا جب تک  اللہ ان کا معاملہ ظاہر نہ فرما دیں یا وہ خود کھل کر سامنے نہ آ جائیں۔

2۔ عملی نفاق:

                        اس قسم کا منافق عقیدے کے لحاظ سے تو پکا مسلمان ہوتا ہے  لیکن اس کا عمل منافقین جیسا ہوتا ہے، اس کی عادات و اطوار منافقین سے ملتے جلتی ہوتی ہیں۔ اس قسم کو عملی نفاق کہتے ہیں۔ اور ایسا شخص عملی منافق ہوتا ہے۔ اس قسم کے لوگ ہمارے معاشرے میں کثرت سے ملتےہیں جو باوجود علم و شعور رکھنے کے  اور ایمان و اسلام کے دعویٰ کے بے عمل ہیں۔

مثلاً بے نمازی شخص  جو مانتا بھی ہے، نماز کی اہمیت کو جانتا بھی ہے ، نتائج سے بھی آگاہ ہے  لیکن نماز نہیں پڑھتا۔ بلکہ میں نے یہاں تک لوگوں سے سنا ہے کہ ہم کمزور ہیں سست ہیں یا وقت نہیں ہمارے پاس مصروفیات بہت زیادہ ہیں، اللہ بڑا غفور و رحیم ہے ، معاف فرما دے گا۔سو د کی حرمت کا اور اس کے نقصانات کا بھی اندازہ ہے پھر بھی باز نہیں آتے یعنی اللہ تبارک وتعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ سے اعلانِ جنگ کرکے یہ لوگ پھر اس کے جائز ہونے کی دلیلیں گھڑ رہے ہوتے ہیں،حق تلفی معاشرہ کا عام وطیرہ بن چکی ہے جس کے پاس طاقت و اختیار ہے وہ دوسرے کی حق تلفی اپنا حق سمجھتا ہے ۔وراثت میں عورتوں کا حصہ نہیں اور کہا جاتا ہے کہ ہم نے بہنوں ،بیٹیوں کو پہلے ہی بہت کچھ دے دیا ہے کیا یہ کافی نہیں۔ حیرانگی کی بات ہے کہ جو اللہ کی نافرمانی پہ ڈٹ چکا ہے، فکر ہی نہیں اپنی بے عملی کی اور خود کو نفس کے اور شیطان کے اس بہکاوے میں مبتلا کر رکھا ہے کہ اللہ بڑا غفور و رحیم ہے ہماری بے عملی کو معاف فرما دے گا ۔ بلا شبہ مغفرت اس کی رحمت سے ہے وہ جس کی چاہے مغفرت فرما دے۔ لیکن خود کو اس کی مغفرت کے قابل تو بنانے کی کوشش کرنی چاہیئے، مقدور بھر اس کے احکامات پہ عمل کرنے کی تو کوشش و جستجو ہو۔ سب کچھ سرے سے چھوڑ کر  بے عملی کی زندگی گزارنا اور پھر اس کی رحمت کی طلب رکھنا تو صرف ایک بہکاوا ہے۔ جو نفس و شیطان ہمارے دل میں ڈالتا ہے۔

یہ عملی نفاق ہے جس سے دورِ حاضر میں بچنا انتہائی مشکل بھی ہےلیکن اتنا ہی ضروری بھی ہے۔ ایسے شخص کو ہم منافق تو نہیں کہیں گے کیونکہ نفاق کا تعلق دل سے ہے اور دل کا حال اللہ تعالیٰ ہی جانتے ہیں  لیکن اس طرح کا کردار جو منافق کا ہوتا ہے اگر ہمارا ہو تو ممکن نہیں کہ ایمان سلامت رہے۔

آپ علیہ الصلوۃ و السلام کا فرمان ِ عالی شان ہے کہ : زنا کرنے والا زنا کرتے وقت مومن ہونے کی حالت میں زنا نہیں کرتا،  چور چوری کے وقت ایمان کی حالت میں چوری نہیں کرتا،شرابی شراب پیتے وقت ایمان کی حالت میں شراب نہیں پیتا، لوگوں کا مال لوٹنے والا مال لوٹتے وات ایمان کی حالت میں مال نہیں لوٹتا  اور تم میں جب کوئی خیانت کرے تو  مومن ہونے کی حالت میں خیانت نہیں کرتا پس تم ان چیزوں سے بچو۔

اس حدیث ِ مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ گناہ کے  ارتکاب کے وقت  انسان ایمان سے محروم ہو جاتا ہے اور اگر وہ توبہ نہ کرے اور  ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کسی ایسے گناہ میں پھنس جائے یعنی گناہ کو متواتر اختیار کر لے تو پھر ایمان کا باقی رہنا نا ممکن ہے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم سمجھنے اس پہ عمل کرنے اور تا دم آخر اس پہ قائم رہنے کی توفیق و ہمت عطا  فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

دعاؤں کا طالب

ابو محمد زبیر اویسی

تفسیر سورۃ البقرہ - آیت نمبر 11,12 - فساد کا مفہوم و مطلب - دورِ حاضر کے فسادی اور فساد کیوجہ

0 Comments


 

اَلحمدُ للہِ وَحدَہُ ، وَالصَّلاۃُ والسَّلامُ علَی مَن لاَّ نَبِیَّ بَعدَہُ ، أمَّا بعدُ : فاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ، بِسمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْٗ وَ یَسِّرْ لِیْۤ اَمْرِیْٗ وَ احْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِیْٗیَفْقَهُوْا قَوْلِیْ۪

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: وَإِذَا قِيلَ لَهُمْ لَا تُفْسِدُوا فِي الْأَرْضِ قَالُوا إِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُونَ

اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد نہ کرو تو کہتے ہیں کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں

قاضی ثناءاللہ مظہری پانی پتی ؒ  تفسیری مظہری میں فرماتے ہیں کہ " فساد ضد ہے صلاح کی اور یہ دونوں لفظ ہر قسم کی ضرر دینے والی اور نفع بخشنے والی چیزوں کو  عام  ہیں یعنی فساد کا لفظ ہر قسم کی  تکلیف اور نقصان دینے والی چیزوں  کیلئے جبکہ صلاح کا لفظ ہر قسم کی مفید اور نفع بخش چیزوں کیلئے ہے۔"

شیخ عبد الحق ھقانی دہلوی ؒ تفسیر ِ حقانی میں فرماتے ہیں " کسی شے کا اعتدال سے باہر ہونا  اور جو نفع کہ اس سے خیال کیا جاتا ہے اسکے قابل نہ رہنا  اور اسکی ضد صلاح ہے یعنی جس طرح فساد کے معنوں میں بگڑنا ہے اسی طرح صلاح کے معنوں میں سنورنا معتبر ہے۔"

قاسمِ فیوضات حضرت مولانا محمد اکرم اعوان ؒ اکرم التفاسیر میں بیان فرماتے ہیں کہ" جو شخص اپنے طریقے سے یا اپنی خیال کے مطابق  اپنی رائے سے اصلاح کرنا چاہتا ہے اور اسکی رائے اللہ تبارک وتعالیٰ اور اللہ کے نبی ﷺ کے ارشادات کے خلاف ہوتی ہے، وہ ایک فساد پیدا کرتی ہے۔"

مزید فرماتے ہیں کہ انسان جو چیز بناتا ہے  اس کے استعمال کا ایک قاعدہ ہے۔ ایک مکان بنایا گیا اس میں کھڑکیاں بھی ہیں ، روشن دان بھی ہیں ، دروازے بھی ہیں ۔ اس کے اندر داخلے کیلئے دروازہ رکھا جاتا ہے  اب کوئی کہے کہ روشندان میں بھی جگہ ہے میں سیڑھی لگا کر روشندان سے داخل ہو جاؤں گا اور پھر اس سے نکل جاؤں گا  تو یہ فساد ہو گا ، مصیبت پیدا کرے گا، صحیح طریقہ نہیں ہو گا۔

جس قادرِ مطلق نے کائنات بنائی ہے  اس میں اس میں رہنے سہنے کے، ہر کام کے طریقے اور راستے مقرر  فرمائے ہیں  جو نبی کریم ﷺ نے وضاحت سے ارشاد فرما دیئے ہیں ۔ اسلام کا صرف زبانی فلسفہ ہی نہیں ارشاد فرمایا گیا  بلکہ اللہ کریم نے حضور علیہ الصلٰوۃ و السلام کو  صحابہ کی ایسی مبارک جماعت عطا فرمائی جس نے حضور ﷺ کے سامنے اللہ تعالیٰ کے  احکامات پہ عمل کیا  اور حضورﷺ نے تصدیق فرمائی۔

دورِ حاضر میں ہمیں ہر طرف فساد اور بگاڑ  دکھائی دیتا ہے اس کا بنیادی سبب کیا ہے ؟ بنیادی سبب یہ ہے کہ لوگوں نے اپنی عقل اور ناقص رائے پہ  عمل شروع کر دیا ہے ۔ ارشاداتِ الٰہی کو ، ان ضابطوں کو جو رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمائے اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے کر کے دکھائے، انہیں چھوڑ دیا ہے۔

یہاں جو قابلِ غور بات یہ کہ کہ جن لوگوں کے بارے میں یہ بات بیان فرمائی جا رہی ہے  وہ منافقین ہیں کیونکہ کفار کا فساد تو کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں  لیکن جو منافقین کا فساد ہے وہ خطرناک بھی ہے اور اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ دورِ حاضر میں ہم کسی کو شرعاً منافق تو نہیں کہ سکتے ، وحی الٰہی کا سلسلہ بند ہو چکا اور نہ اب کوئی نبی آئے گا تو کوئی دوسرا ذریعہ نہیں کہ ہم کسی کی نفا ق کو جان سکیں ، اب ان لوگوں کو منافق نہیں بلکہ فاسق کہا جائے گا جن میں منافقین کی علامات پائی جاتی ہیں۔ اور ایسے لوگ چونکہ اسلام کے لبادے میں ہوتے ہیں اسلام کے نام سے پہچانے جاتے ہیں ، خود کو مسلمان کہلواتے ہیں  لیکن یہ خصلتیں یہ عادات و اطوار جو ان تیرہ آیات میں بیان ہوئیں اور اس کے بعد اور بھی بہت سے قرآنی آیات اور احادیث میں بیان فرمائی گئیں ، یہ بتائیں گی  یہ نشانیاں ایسے لوگ کی شناخت کریں گی اور یہ ہی واحد ذریعہ ہے ایسے لوگوں کی حقیقت جاننے کا اور ان سے بچنے کا ۔ اور نہ صرف ایسے لوگوں کو پرکھنے کا بلکہ خود کو بھی ان تیرہ آیت کو سامنے رکھ کر پرکھنا چاہیئے کہ جو علامات منافقین کی بیان ہوئیں کہیں وہ ہم میں تو نہیں پائی جاتیں۔

اس آیتِ کریمہ میں جو بات بیان فرمائی گئی کہ جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد نہ کرو تو کہتے ہیں کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں   تو آپ غور فرمائیں تو آپ کو آسانی سے سمجھ آ سکتا ہے کہ دورِ حاضر میں ایسے لوگ بکثرت پائے جاتے ہیں جو دین ِ اسلام میں  اپنے رائے اور پسند و ناپسند کو شامل کر رہے ہوتے ہیں ،  تفرقہ بازی پھیلا کےلوگوں کے درمیان دوریاں اور نفرتیں پیدا کر رہے ہوتے ہیں،  قرآن و احادیث کو اپنی مرضی کے معانی و مفاہیم پہنا کے لوگوں  کے  عقائد و اعمال کو خراب  کر رہے ہوتے ہیں، مزاروں اور پیر خانوں پہ جائیں تو  عقیدت و محبت کہ نام پہ لوگوں کو مختلف قسم کی شرکیہ و کفریہ رسومات میں الجھایا ہوتا ہے ۔ خود ساختہ  اسلامی سکالر  ز کا روپ دھار کے  ایسے مسائل جن پہ اجماعِ امت ہے  اکابریں سے لے اب تک کے علماءِ دین متفق ہیں ، ان کو موضوع بحث بنا کر ، اکابرین اور ائمہ دین کے محققانہ اور فروعی  اختلافات کو تنازعات کا روپ دے رہے ہوتے ہیں اور جعلی پیروں اور عاملوں  کو موضوع بنا کر تصوف و طریقت جیسے بنیادی علوم دین کا انکار کر رہے ہوتے ہیں اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ  آپ فساد پھیلا رہے ہو تو کہتے ہیں ہم تو اصلاح کر رہے ہیں ، ہم تو لوگوں کو اصل دین بتا رہے ہیں ، ہم تو لوگوں کو صراطِ مستقیم پہ لا رہے ہیں ۔

حیرانگی کی بات ہے کہ امت جس پہ چودہ سو سال سے متفق ہے اور ایک بندہ چودہ صدیوں بعد پیدا ہوا اور کہتا ہے کہ میں لوگوں کو اصل دین سمجھا رہا ہوں تو کیا چودہ سو سال سے جو علمائے امت، ائمہ دین ، اکابرینِ امت کے درمیان متفق علیہ  ہے وہ غلط ہے ، وہ درست نہیں اور جو تو بتا رہا ہے وہ درست ہے تو کیا ممکن ہے کہ یہ امت چودہ سو سال سے گمراہی پہ تھی اور اب تو اصلاح کرنے آگیا ہے ۔ حقیقت میں انہی لوگوں کے بارے میں فرمای جا رہا ہے کہ جب ان سے کہا جاتا ہے کہ فساد نہ پھیلاؤ تو کہتے ہیں کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں۔

شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں روزہ رسول ﷺ پہ حاضر ہوا اور میں نے اجتہاد کی اجازت چاہی  تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ شاہ ولی اللہ غور کرو اگر ائمہ اربعہ (امام ابو حنیفہ ؒ، امام مالک ؒ، امام شافعی ؒ ، امام حنبل ؒ )نے کوئی کمی چھوڑی ہے تو تمہیں اجازت ہے۔یہ ایک کشفی معاملہ تھا کوئی اس پہ یقین کرے نہ کرے اس کی مرضی لیکن اس کے بعد جو اہم بات وہ فرماتے ہیں کہ میں نے غور کیا کہ کیا کسی معاملے میں کوئی کمی ہے جس پہ میں اپنی اجتہادی رائے پیش کروں تو غور کرنے پہ معلوم ہوا کہ کوئی معاملہ ایسا نہیں جس میں ائمہ اربعہ نے کوئی کمی چھوڑی ہو ۔

شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ جیسی عظیم ہستی جنہوں نے روئے زمین پہ پہلی بارمکمل قرآن کریم کا کسی اور زبان( فارسی) میں ترجمہ کیا پھر ان کے بیٹوں  شاہ عبد القادر ؒ اور شاہ رفیع الدین ؒ نے  سب سے پہلے اردو ترجمہ کیا ۔ اتنی بڑی بڑی ہستیوں نے بھی جن ائمہ اربعہ کی شان بیان فرمائی ہو۔ انہیں تنقید کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ فرمایا کہ انہوں نے کسی مسئلے میں  کوئی کمی نہیں چھوڑی۔ تو اگر کوئی دورِ حاضر میں نام نہاد مذہبی سکالر اور  ملّا اتنی بڑی بڑی ہستیوں ، ائمہ  کرام، علمائے کرام ،فقہائے کرام،صوفیائے کرام ، اولیائے کرام ، تابعین ، تبع تابعین اور  صحابہ کرام رضوان اللہ علیہماجمعین تک کو معاف نہ کرے اور ان کو تنقید کا نشانہ بنائے یا ان کے علوم کا رد کر کے خود کو بہت بڑا عالم تصور کرے، ان کے فروعی اختلافات کا مذاق اڑائے  اور دعویٰ اصلاح کا کرے تو ایسے لوگوں سے بچنا چاہیئے کیونکہ قرآن ان کے فساد پہ مہر ثبت کر رہا ہے فرمایا گیا :

 أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ الْمُفْسِدُونَ وَلَكِنْ لَا يَشْعُرُونَ

یقیناً یہی لوگ فساد کرنے والے ہیں لیکن وہ اس کا شعور نہیں رکھتے۔

حسد، بغض و عناد، کینہ پروری،اپنی علمی قابلیت کا گھمنڈ و غرور اور تکبر کا شکار ، اور پھر گستاخانہ طرز تکلم اور انداز  کی وجہ سے ان کا شعور ، انکا فہم و ادراک ، انکی عقل و سمجھ باقی نہیں رہی  ۔ اور یہ دعویٰ اصلاح کا کر رہے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ فسادی ہیں۔ دینِ اسلام کے وہ پہلے جن پہ چودہ سو سال سے امت کا اجماع ہے اور امت متفق چلی آرہی ہے ، جن کےبارے میں امت میں کوئی اختلاف نہیں، انہی معاملات کے بارے میں یہ اپنی ایک الگ رائے گھڑ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم اصلاح کر رہے ہیں حقیقتاً یہ ہی اصل فسادی ہیں۔

اللہ تبارک و تعالیٰ ہماری ان سے حفاظت فرمائے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم سمجھنے اس پہ عمل کرنے اور تا دم آخر اس پہ قائم رہنے کی توفیق و ہمت عطا  فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

دعاؤں کا طالب

ابو محمد زبیر اویسی